لاہور(نیوز ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کیلئے درخواست دے دی ہے۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے 14 ستمبر سے مزید کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔ ان کی مدت ملازمت آئندہ برس پوری ہونی تھی جس کے تحت انہیں 14 ستمبر 2019 کو ریٹائر ہونا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ڈاکٹر غلام رسول کے ریٹائرمنٹ کی سمری موصول ہو گئی ہے
جس میں مزید کام جاری رکھنے سے معذرت کی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان کی درخواست قبول کر لی ہے اور آئندہ ایک سے دو روز میں ڈاکٹر غلام رسول کی ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا ڈاکٹر غلام رسول ریٹائرمنٹ کے بعد بین الاقوامی ادارے میں خدمات سرانجام دیں گے۔نئے ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات کیلئے تین ناموں پر غور کیا جا رہا ہے جن میں حضرت میر، محمد ریاض اور ڈاکٹر حنیف شامل ہیں تاہم ان میں سے کسی کی بھی تقرری وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد ہی ہو گی۔