کوئٹہ (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ ہم تحریک انصاف کے ساتھ مل کر بلوچستان میں تبدیلی لائیں گے، ہم دونوں پارٹیز مل کر بلوچستان کو ترقی کی طرف لے کر جائیں گے، تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ بلوچستان کے مسائل کے حل کی بات کی، ہماری اور ان کی بھی یہی کوشش ہے کہ بلوچستان کو پسماندگی سے نکال کر
ترقی کی طرف لے کر جائیں۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال نے کہا کہ میں پی ٹی آئی رہنمائوں کا مشکور ہوں جو بلوچستان آئے اور صدارتی انتخابات کے حوالے سے ہماری قیادت سے ملاقات کی، بلوچستان عوامی پارٹی نے تحریک انصاف کا مرکز میں بھرپور ساتھ دیا، بلوچستان زمینی حوالے سے بہت بڑا اور پسماندہ علاقے پر مشتمل ہے، ہم بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، ہم نے نعروں کے ذریعے معاملات کو حل نہیں کرنا ہے، ہم تحریک انصاف کے ساتھ مل کر بلوچستان میں تبدیلی لائیں گے، ہم ایک توقع کے ساتھ تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم دونوں پارٹیز مل کر بلوچستان کو ترقی کی طرف لے کر جائیں گے، ہم نے ان کا ساتھ دینے کی بھرپور حمایت کریں گے، ہم پر امید ہیں وفاق ان پانچ سالوں میں صوبوں کو یکساں حقوق فراہم کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ میں جام کمال اور دیگر کا شکرگزار ہوں ، ہم نے بلوچستان کے مسائل پر بات چیت کی، عمران خان نے ہمیشہ بلوچستان کے مسائل پر بات کی،ہماری اور ان کی بھی یہی کوشش ہے کہ بلوچستان کو پسماندگی سے نکال کر ترقی کی طرف لے کر جائیں، بلوچستان کو مالامال کرنا ہے، ہم ووٹ مانگنے کیلئے ان کی خدمت میں حاضر ہوئے، عمران خان کا وعدہ ہے کہ وہ تمام معاملات کو دیکھیں گے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ میں پانچ سال وزیراعلیٰ رہا ہوں، دو گاڑیوں کا استعمال کیا تھا، ہمیں سیکیورٹی کی ضرورت ہے، پروٹوکول کی نہیں، سیکیورٹی مسئلے کو بھی حل کریں گے۔