اسلام آباد (آئی این پی)سابق وزیر اعظم نوازشریف العزیزیہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں (آج) احتساب عدالت پیش ہونگے‘13اگست کو نوازشریف کی عدالت پیشی کیلئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس کے مطابق سابق وزیراعظم کو اڈیالہ جیل سے بکتر بند گاڑی میں جوڈیشل کمپلیکس لایا جائے گا ،نوازشریف کی عدالت پیشی کے موقع پر سیاسی کارکنوں اور رہنمائوں کو کمرہ عدالت آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کواحتساب عدالت کی طرف سے 13 اگست کوطلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا جو جیل حکام نے انہیں موصول کرایا گیا۔ نوازشریف کی متوقع پیشی کے لئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا شروع کردیاگیا ہے اور خصوصی سیکیورٹی پلان مرتب کیا جارہا ہے تا کہ سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ نوازشریف کو اڈیالہ جیل سے بکتر بند گاڑی کے ذریعے سخت سیکیورٹی حصار میں عدالت لایا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نوازشریف کے قافلے میں جیمرز والی گاڑی اور ایمبولینس بھی شامل ہوگی احتساب عدالت اوراطراف 500 سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔کمرہ عدالت اور حاطے میں داخلہ صرف فراہم کئے جانے والے ناموں کی فہرست پر ہی ہوگا۔ میڈیا نمائندوں کی محدود تعداد کوریج کے لئے کمرہ عدالت جاسکے گی۔