اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اسد عمر نے اہم ملاقات کی، ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال و دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر اسد عمر کے بھائی اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین وزیرمملکت ڈاکٹر زبیر عمر کا بھی خصوصی طور پر تذکرہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران جب وزیراعظم نواز شریف ایوان سے چلے گئے تو اسد عمر نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے کچھ دیر تک اہم ملاقات کی، ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے منی لانڈرنگ بل سے متعلق بھی اسد عمر کو اعتماد میں لیا، اس موقع پر اسد عمر کے بھائی اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین وزیر خزانہ کے دست راست ڈاکٹر زبیر عمر کا بھی خصوصی ذکر ہوا، اور وزیر خزانہ نے ڈاکٹر زبیر کی کارکردگی کی بھی تعریف کی، جس پر اسد عمر مسکراتے رہے۔