دمشق(نیوزڈیسک) شام میں باغیوں نے ایک روسی فوجی ہیلی کاپٹر پر حملہ کر کے اس کے مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایک فوجی کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نگاہ رکھنے والے ادارے آبزرویٹری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اللاذقیہ شہر میں ایک روسی گن شپ ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تصدیق کی گئی ہے۔اللاذقیہ شہر میں حکومت مخالف ایک گروپ نے روسی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روسی ساختہ ہیلی کاپٹر کو طیارہ شکن میزائل سے جبل الاکراد میں کفریا کے مقام پر مار گرایا گیا۔دوسری جانب روسی فوج کی جانب سے ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تصدیق کی گئی ہے اور بتایا ہے کہ اس حادثے میں ایک فوجی اہلکار ناکام ریسکیو آپریشن کے دوران ہلاک ہو گیا۔ قبل ازیں یہ اطلاعات آئی تھیں کہ ایک روسی جنگی ہیلی کاپٹر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے بعد اسے ہنگامی طور پر اتار لیا گیا ہے۔روسی فوج کے عہدیدار جنرل سیرگی روڈسکوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کریش ہونے والے ہیلی کاپٹر کو تلاش کر لیا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر کے ہواباز اور اس کے معاون کو “ایم آئی 8” نامی دو دوسرے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے بچا لیا گیا ہے۔ جب کہ ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران ایک فوجی ہلاک ہو گیا۔