کراچی (آن لائن ) پاک فضائیہ کی شہید فلائنگ آفیسر مریم مختار کو کراچی کے ملیر کینٹ قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا نماز جنازہ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف ماشل سہیل امان، کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ، ڈی جی رینجرز سند ھ بلال اکبر ، پاک فضائیہ اور پاک فوک کے سینئر افسران سمیت سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میانوالی کے قریب طیارہ حادثے میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کی فلائنگ آفیسر مریم مختار کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کرنے کے بعد ملیز کینٹ میں انکی تدفین پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کر دی گئی ہے نماز جنازہ میں پاک فضائیہ اور،کور کمانڈر کراچی اور پاک فوج کے اعلیٰ حکام سمیت سول سوسائٹی کی کثیر تعدا د نے شرکت کی ہے ، پاک فضائیہ کے سربراہ نے نماز جنازہ سے قبل اپنے تعزیتی کلمات میں شہید فلائنگ آفیسر کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا کہ شہید مریم کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی ،مریم پوری قوم کی بیٹی تھی اور ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہے گی، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوت ایسی قوم کو شکست نہیں دے سکتی جسکے پاس مریم مختار جیسی بیٹیاں ہوں ۔ کورکمانڈر کراچی لفٹینٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ مریم مختار قوم کی بیٹیوں کے لیے مثال تھیں اور نوجوانوں کے لیے قابل تقلید تھیں ،انکی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔