ممبئی (این این آئی)ماضی میں ڈریم گرل کہلائے جانے والی اداکارہ ہیما مالنی نے اپنی سب سے بڑی سیاسی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوامی ووٹ سے منتخب ہوکر پارلیمان کا حصہ بننا چاہتی ہیں۔ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 69 سالہ ہیما مالنی سیونٹی از دی
نیو سیونٹی نامی پینل پر موجود تھیں، جہاں ان سے ان کے سیاسی کیریئر کے حوالے سے سوال کیا گیا۔اس دوران جب ہیما مالنی سے پوچھا گیا کہ وہ سیاست میں اگلے پانچ سالوں میں خود کو کہا دیکھتی ہیں تو اداکارہ نے کہا کہ مجھے راجیا سبھا میں سیٹ کی آفر ہوئی تو یہ میرے لیے کافی مشکل تھا، کیوں کہ میرا تعلق اس فیلڈ سے نہیں، شروعات میں مجھے ڈر لگا لیکن لوگوں نے میری مدد کی، سیاست سے متعلق میرے کوئی بہت بڑے خواب نہیں میں بس عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔ہیما مالنی نے اپنی سب سے بڑی سیاسی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں عوامی ووٹ سے منتخب ہوکر پارلیمان کا حصہ بننا چاہتی ہوں، میرا وزیر بننے جیسا کوئی خواب نہیں ہے، میں ایک اداکارہ تھیں اور لوگوں نے مجھے بیحد پیار دیا۔اس دوران ہیما مالنی نے دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوتی‘ سے متعلق بھی بات کی۔اداکارہ نے کہا کہ وہ بھی ایک پروجیکٹ ’13 پنہے‘ میں رانی پدماوتی کا کردار ادا کرچکی ہیں۔خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوتی کو رواں سال یکم دسمبر کو ریلیز ہونا تھا البتہ فلم کے خلاف جاری مظاہروں کے باعث اس کی ریلیز روکنا پڑی۔اس پر اداکارہ ہیما مالنی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میرا والا پروجیکٹ تو ریلیز بھی ہوگیا۔واضح رہے کہ رواں سال ہیما مالنی کی سوانح حیات پر مبنی بْک بھی ریلیز ہوئی جسے فلم پدماوتی میں مرکزی کردار ادا کرنے والی دپیکا پڈوکون نے لانچ کیا تھا۔