نئی دہلی (آئی این پی )بھارت کی ایک مقامی عدالت نے متنازع ریئلٹی ٹی وی شو بگ باس 11 کی کانٹیسٹر اور اسکینڈل کوئین کہلائی جانے والی اداکارہ عرشی خان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست پنجاب کے شہر جالندھر کی مقامی عدالت نے گزشتہ تین ماہ سے عدالت میں پیش نہ ہونے پر اداکارہ کو
گرفتار کرنے کا وارنٹ جاری کیا۔عدالت نے پولیس کوحکم دیا کہ وہ بھارتی ریئلٹی شو بگ باس 11 کے اسٹوڈیو میں داخل ہوکر اداکارہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے۔خیال رہے کہ عرشی خان پر اپنے جسم پرپاکستان اور بھارت کے قومی پرچم بناکر معاشرے میں فساد پھیلانے کے الزام کے تحت مقدمہ درج ہے۔ان کے خلاف یہی کیس گزشتہ ایک سال سے جاری ہے، عرشی خان کی گرفتاری کے وارنٹ دوسری مرتبہ جاری ہوئے ہیں۔گزشتہ برس عرشی خان کی ایسی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھیں، جن میں وہ مختصرلباس میں تھیں، جب کہ ان کے جسم پر پاکستان اور بھارت کے قومی پرچم بنے ہوئے تھے۔عرشی خان افغان نژاد بھارتی ماڈل و اداکارہ ہیں، انہوں نے پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ تعلقات کا دعوی بھی کیا تھا۔ہندوستان ٹائمز نے آئی بی ٹائمز کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جالندھر کے میجسٹریٹ نے عرشی خان کو گرفتار کرکے جلد سے جلد عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے حکم دیا کہ
پولیس بگ باس کے اسٹوڈیو میں داخل ہوکر اداکارہ کو گرفتار کرکے پیش کرے۔دوسری جانب عرشی خان کے میڈیا مینیجر فلینڈ ریمنڈیوس کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے اسی مقدمے میں گرفتاری سے بچنے کے لیے اسٹے آرڈر حاصل کر رکھا ہے۔فلینڈ ریمنڈیوس کا کہنا تھا کہ عرشی خان نے 15 جنوری 2018 تک اسٹے آرڈر لے رکھا ہے، اس لیے پولیس انہیں
گرفتار نہیں کرسکتی۔میڈیا مینیجر کے مطابق اگرچہ جالندھر کی عدالت کے حکم کو غیر قانونی نہیں سمجھا جاسکتا، تاہم پولیس اداکارہ کے خلاف 15 جنوری تک کوئی ایکشن نہیں لے سکتی۔خیال رہے کہ عرشی خان رواں برس اکتوبر سے شروع ہونے والے بگ باس کے گیارہویں سیزن میں شرکت کے لیے اسٹوڈیو کے اندر موجود ہے۔بگ باس کا اسٹوڈیو کئی کمروں اور سوئمنگ پول سمیت پلے ایریاز پر مشتمل ہوتا ہے، جب کہ اسے چاردیواری سے بند کرکے اس کی سیکیورٹی بڑھادی جاتی ہے۔بگ باس شو میں شریک تمام اداکار تین سے 4 ماہ تک اسی اسٹوڈیو کے اندر ہی رہتے ہیں۔