لاہور (این این آئی) گلوکارہ عاصمہ لتا نے کہا ہے کہ برصغیر کی مٹی گلوکاری کے حوالے سے بڑی ذرخیز ہے یہاں پر ایسے ایسے گلوکار پیدا ہوئے جنہوںنے پوری دنیا میں اپنے فن کے گہرے نقوش چھوڑے جن میں ملکہ ترنم نور جہاں، استاد نصرت فتح علی خاں، مہندی حسن ، ریشما ، کشور کمار ، محمد رفیع ، عائشہ بھوسلے اور لتا منگیشکر جیسے بڑے نام ہیں ، ان میں سے اکثریت اب اس دنیا میں نہیں مگر میری روحانی استاد لتا منگیشکر کا جادو آج بھی پوری دنیا میں چلتا ہے ۔
انہوںنے کہاکہ لتا منگیشکر ساٹھ سال سے فن گلوکاری سے منسلک ہیں اوران کی آواز ہر دور کی ہیروئن پر مکمل فٹ بیٹھتی رہی اور یہی ان کا سب سے بڑا کمال ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میں نے جب ہوش سنبھالا تو لتا جی کے گانے سن سن کر ان کو اپنا روحانی استاد بنا لیا اور ان کی گائیکی کی چھاپ اس قدر مجھ میں سما چکی ہے کہ جب میں پرفارم کرتی ہوں تو عاصمہ مجھ سے نکل جاتی ہے اور صرف لتا باقی رہ جاتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ میرے لئے اعزا ز کی بات ہے کہ مجھے پاکستانی لتا منگیشکر کا خطاب مل چکا ہے ۔