لندن (این این آئی)پاکستانی نژاد برطانوی اداکارہ ارمینہ خان کا کہنا ہے کہ ’ایوارڈز سے فنکاروں کی پرفارمنس میں نکھار پیدا ہوتا ہے،فلم میں کام کرنا میرا جنون ہے، جانان سال 2016ء کی بہترین فلموں میں سے ایک تھی۔ارمینہ خان کو پاکستانی فلم ’ جانان ‘ میں شاندار اداکاری کے لئے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے، تقریب آج لندن میں ہورہی ہے، ایوارڈ’ایسٹرن آئی آرٹس، کلچرل اینڈ تھیٹر لندن کی جانب سے دیا جائے گا۔
ارمینہ خان کا مزید کہناتھا کہ بہترین اداکارہ کے لئے میرے ساتھ ساتھ صنم سعید اور اندرا ورما کی بھی نامزدگی ہوئی تھی،فلم میں میرے مقابل بلال اشرف نے ہیرو کا کردار اداکیا تھا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میری دو فلمیں ’ بن روئے‘ اور ’جانان‘ کامیاب رہیں جبکہ اسی سال میں ایک اور نئی فلم ’یلغار‘ بھی ریلیز ہونے جا رہی ہے جبکہ ان دنوں میں ایک برطانوی فلم ’ دی رئیل ٹارگٹ ‘ میں بھی کام کر رہی ہوں، میری کوشش ہے کہ میرے فینز مایوس نہ ہوں ۔ارمینہ ٹی وی ڈراموں کے حوالے سے بھی خاصی شہرت رکھتی ہیں، ’شب آرزو‘،’محبت اب نہیں ہو گی‘، ’رسم دنیا‘ اور ’عشق پرست‘ ان کے کامیاب ڈرامے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ارمینہ خان کا کہنا تھا کہ وہ وطن پرست ہیں اسی لئے انہیں نے آنے والی فلم ’ یلغار‘ میں کام کرنے کا معاوضہ نہیں لیا، مجھے امید ہے کہ ’یلغار‘ کامیاب ترین پاکستانی فلموں میں سے ایک ہو گی اور نئے ریکارڈ بنائے گی۔