ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ کے ہدایت کار ساکت چوہدری نے کہا ہے کہ قومیت کے بارے میں سوچے بغیر صبا قمر سے رابطہ کیا۔ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ جب انہوں نے صبا قمر کو فلم میں کاسٹ کیا تو انہیں اس بات سے فرق نہیں پڑا تھا کہ وہ پاکستانی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے صبا قمر سے رابطہ ان کی قومیت کے بارے میں سوچے بغیر کیا تھا۔ہدایت کار کے مطابق2016 میں فلم کی شوٹنگ کے آخری دنوں کے دوران پاکستانی فنکاروں سے بھارت چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا تھا کیوں کہ ہماری فلم چھوٹی ہے تو ہمیں اس بات سے فرق نہیں پڑا ہم تب تک صبا قمر کی اداکاری کے تمام حصوں کی شوٹنگ مکمل کرچکے تھے ٗ کچھ وقت گزرا اور پاکستانی اداکاروں پر پابندی کا شور بھی کم ہوگیا اس لیے فلم کی ریلیز کے قریب اب کوئی صبا قمر کو ٹارگٹ نہیں کر رہا۔خیال رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں عرفان خان نے بھی فلم ’ہندی میڈیم‘ کی ریلیز سے متعلق کہا تھا کہ اب ماحول ایسا ہو چکا ہے کہ سب کچھ سوچ سمجھ کر بولنا پڑتا ہے ٗ میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں کہ فلم کی ریلیز پر کوئی تنازع نہیں ہوا۔انہوں نے صبا قمر کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کو بھی بہترین قرار دیا۔فلم ہندی میڈیم کی کہانی ایسے والدین کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بیٹی کو ایک اچھے اسکول میں داخلہ دلانے کی خاطر جدوجہد کرتے ہیں۔