ممبئی(این این آئی) بھارتی فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کے ہدایتکار ساکیت چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں صباقمر کی اداکاری سے متاثر ہوکر فلم میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستانی اداکارہ صباقمر بالی ووڈ میں فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ سے فنی سفر کا آغاز کررہی ہیں
فلم میں ان کے مدمقابل عرفان خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جب کہ فلم کے ٹریلر میں دونوں کی اداکاری کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا ہے جس کے بعد فلم کی کامیابی کی بھی پیش گوئی کردی گئی ہے لیکن اب صبا کے فلم میں انوکھے انداز میں کاسٹ ہونے کی کہانی سے ہدایتکار نے پردہ کشائی کی ہے۔اپنے انٹرویو میں بالی ووڈ ہدایتکار ساکیت چوہدری کا کہنا تھا کہ عرفان خان کو فلم کے مرکزی کردار کے لیے پہلے ہی کاسٹ کرچکے تھے لیکن ان کے مدمقابل اداکارہ کی تلاش تھی تاہم جب ہم نے پاکستانی ڈراموں میں صبا قمر کی اداکاری دیکھی تو فوراً فلم میں لینے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صبا قمر کو فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے دونوں ممالک میں جاری کشیدگی سب سے بڑا مسئلہ تھا جس کے باوجود پروڈکشن ٹیم نیبڑا فیصلہ کیا اور انہیں فلم میں کام کرنے کے لیے راضی کیا۔دوسری جانب اداکارہ صبا قمر پہلی بالی ووڈ فلم کے لیے پرجوش ہیں اوراس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے دل کی سیدھی سادھی عورت کا کردار نبھانا مشکل نہیں تھا کیوں کہ میں صاف اور روایتی لہجے میں اردو بولتی ہوں۔واضح رہے کہ عرفان خان اور صباقمر کی فلم ’’ہندی میڈیم‘‘12 مئی کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔