ممبئی (آئی این پی) بھارت کے بے لگام میڈیا نے بالی ووڈ میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں فواد خان، ماورہ حسین اورعمران عباس پر کالے دھن میں ملوث ہونے کا الزام عائد کردیا۔بھارتی حکومت نے کرپشن کے خاتمے اور کالے دھن کو روکنے کے لیے 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں پر پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ بھارتی وزیر داخلہ نے پاکستان دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے اس مہم سے بھی پاکستان کو نقصان پہنچانے کا عندیہ کیا دیا تو بھارتی میڈیا نے روایتی طور پر بالی ووڈ میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کو بھی کالا دھن بنانے میں ملوث قرار دیدیا۔بھارتی میڈیا نے بالی ووڈ میں کام کرنے والے پاکستانی اداکاروں فواد خان، ماورہ حسین اورعمران عباس پر کالا دھن بنانے کا الزام عائد کردیا ہے اور ایک بھارتی چینل نے فرضی اسٹنگ آپریشن میں پاکستانی اداکار فواد خان کو مینیجر کے ذریعے منی لانڈرنگ اور کالا دھن بنانے میں ملوث قرار دیا ہے۔