ممبئی (این این آئی)پاکستانی ناول نگار صبا امتیاز کے ناول’’کراچی یو آر کلنگ می‘‘ پر بننے والی بولی وڈ فلم’’نور‘‘ کی کاسٹ میں سنی لیون کو بھی شامل کرلیا گیا۔فلم ’’نور‘‘ میں سوناکشی سنہا مرکزی کردار کرتی نظر آئیں گی۔ممبئی مرر کی ایک رپورٹ کے مطابق سنی لیون کو فلم ’’نور‘‘ میں ایک مختصر لیکن اہم کردار کے لیے کاسٹ کیا گیا ہے۔فلم کے قریبی ذرائع کے مطابق سنی لیون، سوناکشی سنہا کے ساتھ 3 سے 4 روز شوٹنگ کریں گی جس کا وہ آغاز بھی کرچکی ہیں۔پروڈیوسر وکرم ملہوترا نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہاں، سنی ہماری فلم کا حصہ بن چکی ہیں اور ان کا کردار اہم ہے، یہ ایک ایسا کردار ہے جو صرف سنی ہی ادا کرسکتی تھیں اور جب آپ دیکھیں گے تو آپ کو بھی اس بات کا اندازا ہوجائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سنی لیون کو فلم میں کاسٹ کرنے کا خیال فلم کے ہدایت کار سنہل سپی کا تھا۔سنی نے اس فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے زیادہ کچھ تو نہیں بتایا تاہم اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں سوناکشی کے ساتھ کام کرتے ہوئے کافی مزہ آرہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ فلم کی مکمل ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔واضح رہے کہ سوناکشی سنہا فلم’’نور‘‘ میں ایک صحافی کا کردار ادا کررہی ہیں۔اس سے قبل سوناکشی کا اپنے کردار کے حوالے سے کہنا تھاکہ فلم’’ نور‘‘ ایک ایسی لڑکی کی کہانی ہے جو صحافی ہے، یہ فلم ایک بہترین ناول پر بنائی جارہی ہے تاہم فرق یہ ہے کہ اسے کراچی میں نہیں ممبئی میں بنایا جارہا ہے۔فلم’’نور‘‘ اگلے سال 7 اپریل کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔