ممبئی(آئی این پی) مشہور ہندوستانی کامیڈین کپل شرما نہ صرف اپنی حسِ مزاح کے حوالے سے مشہور ہیں بلکہ وہ اپنی گلوگاری اور ٹوٹی پھوٹی انگریزی سے بھی شائقین کو محظوظ کرتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ کپل اپنی انگریزی کا سب سے زیادہ مذاق خود ہی اڑاتے ہیں۔حال ہی میں کپل نے ایک موبائل فون کے اشتہار میں کام کیا، جس میں وہ اپنی قومی زبان کی اہمیت پر لیکچر دیتے نظر آئے۔فلم ‘کس کس سے پیار کروں’ سے بولی وڈ ڈیبیو کرنے والے کپل شرما نے اشتہار میں لوگوں کو اس حوالے سے ‘درس’ دیا کہ ہمیں اپنی زبان سے پیار کرنا چاہیے اور اگر کسی کو انگریزی نہیں آتی تو اس میں شرمندگی کی کوئی بات نہیں۔اشتہار میں کپل کہتے ہوئے نظر آئے، ‘ہنر کی کوئی بھاشا نہیں ہوتی’، یعنی ‘ ہنر کی کوئی زبان نہیں ہوتی۔انھوں نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ ہمارے ملک کے سیاستدان بھی بیرون ملک دوروں کے موقع پر ہندی زبان میں تقریریں کرتے ہیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے یہ روش اختیار کرلی ہے کہ ‘جو انگریزی جھاڑے گا، وہی جھنڈے گاڑے گا۔