کراچی(آئی این پی ) کراچی میں دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے معروف قوال امجد صابری شہید کے بھائیوں ثروت قادری اور عظمت قادری نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ کسی بے گناہ کو سزا نہ ملے ،کرائے کے قاتلوں کو پکڑنا آسان ہے ، ہمیں بھائی کے قتل کا ماسٹر مائنڈ چاہیے ،سندھ حکومت نے تفتیش سے متعلق کافی چیزیں شیئر کی ہیں ، امید ہے حکومت اپنا وعدہ پورا کرے گی ۔ جمعرات کو قوال امجد صابری کے بھائی ثروت قادری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بھائی کے قتل کا معاملہ ٹھنڈا نہ ہونے دیا جائے ،بھائی کے قاتلوں کو عبرت کا نشانہ بنایا جائے تاکہ آگے ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کسی بے گناہ کو سزا نہ ملے ،کرائے کے قاتلوں کو پکڑنا آسان ہے ، امجد بھائی کے قاتلوں کے ماسٹر مائنڈ تک پہنچنا بے حد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تفتیش سے متعلق کافی چیزیں شیئر کی ہیں ، امید ہے سندھ حکومت قاتلوں کی گرفتاری کا وعدہ پورا کرے گی ۔امجد صابری کے دوسرے بھائی عظمت صابری نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کسی خاص سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ،جہاں ہمیں عزت دی جاتی ہے وہاں ہم باربار جاتے ہیں ، یہ کہنا کہ بھائی کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا غلط ہے ،بھائی اپنے فن کا مظاہرہ کرنے اکثر جاتے رہتے تھے ۔ بلاول بھٹو زرداری گھر آئے تو انہوں نے کہا کہ ہم بھی شہیدوں کے خاندان سے ہیں اور آپ کا تعلق بھی شہید کے خاندان سے ہے آپ کو انصاف دلائیں گے۔