ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان جو اپنے کرداروں کے انتخاب کے معاملے میں بلند معیار رکھتے ہیں، فلموں میں ولن کے کردار کو اپنے لیے بہتر نہیں سمجھتے۔دبنگ خان نے ویسے ہی بولڈ اور ہارر فلموں میں کام کرنے سے انکار کر رکھا تھا اور اب انہوں نے فلموں میں ولن کا کردار ادا کرنے سے بھی معذرت کرلی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک تقریب کے دوران جب سلمان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ فلموں میں ولن کا کردار کریں گے تو ان کا کہنا تھا، ’مجھے یہ اسٹائل پسند ہی نہیں ہے، میں ولن بننا ہی نہیں چاہتا، میں لوگوں کو محظوظ کرنے پر یقین رکھتا ہوں، مجھے ہیرو بننا پسند ہے اور ایک اچھا آدمی جسے شائقین فلم دیکھنے کے بعد بھی یاد رکھیں‘۔اس موقع پر سلمان کا مزاحیہ انداز میں کہنا تھا ’اگر میں اصل زندگی میں اچھا انسان نہیں بن سکتا تو کم سے کم اسکرین پر تو بن جاؤں اور یہی میں چاہتا ہوں‘۔واضح رہے کہ اس سے قبل رپورٹس تھیں کہ سلمان خان کو فلم ’دھوم ریلوڈڈ‘ میں ولن کے کردار کی آفر دی گئی ہے تاہم اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم سلمان کو یہ فلم کرتے نہیں دیکھ پائیں گے۔