ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی وڈ اداکار سونو سود بھی پاکستانی فلم ’’عشق پازیٹو‘‘ کا حصہ بن گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نور بخاری کی ہدایت میں بننے والی پاکستانی فلم ’عشق پازیٹو‘ میں میوزک بینڈ ’’راگا بوائز‘‘ کے گلوکار ولی حمید علی خان اور نور خود مرکزی کردار ادا کریں گی اور اب اس کی کاسٹ میں سونو سود کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔سونو سود کے قریبی ذرائع کا کہناہے کہ سونو اور ولی اچھے دوست ہیں، جب سونو کو اس کردار کی پیشکش ہوئی تو وہ انکار نہیں کرسکے۔سونو اس فلم میں ایک کہانی بیان کرنے والے شخص کا کردار ادا کررہے ہیں جس کی شوٹنگ انھوں نے ممبئی کے فلم سٹی اسٹوڈیو میں مکمل کرلی ہے۔فلم ’عشق پازیٹو‘ میں اداکار سعود، شفقت چیمہ، صائم علی اور دردانہ بٹ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔واضح رہے کہ سونو سود اس وقت ہندوستان اور چین کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی فلم ’کنگ فو یوگا‘ میں کام کر رہے ہیں جس میں ان کے ہمراہ معروف اداکار جیکی چن بھی نظر آئیں گے۔