کراچی(این این آئی)معروف قوال امجد صابری نے 12سال کی عمر میں والد کے ساتھ قوالی کا آغاز کر دیا تھا ،امجد صابری کے بیٹے مجددصابری نے بھی اسی عمر میں قوالی شروع کر دی ہے۔امجد صابری کی شہادت کے بعد کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ صابری گھرانے میں قوالی کا چراغ ہمیشہ کے لئے بجھ گیا لیکن ان کے بیٹے مجدد نے ان کا یہ خیال غلط ثابت کر دیا ہے۔ بارہ سال کے اس صابری نے باپ کے سوئم پر شہید کی قوالی پڑھ کر نہ صرف امجد صابری کی یاد لوگوں کے دلوں میں تازہ کر دی بلکہ یہ بھی باور کرا دیا کہ امجد زندہ ہے۔بارہ سال کے مجدد صابری کا کہنا ہے کہ وہ امجد صابری کی آواز کو لوگوں کے دلوں میں زندہ رکھنے کی مکمل کوشش کر رہے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ باپ دادا کی آواز اور قوالی میں ان کا نام کبھی مٹ نہ سکے۔امجد صابری کے بڑے بھائی کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر امجد صابری کے بیٹے کو قوالی کی کلاسز دیتے ہیں تاکہ تاحیات صابری خاندان اور قوالی کو دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں میں زندہ رکھا جا سکے۔امجد صابری کے بیٹے نے قوالی کو جاری کر کے اپنے والد کے قاتلوں کو یہ جواب دیا کہ صابری قوال گھرانے کا چراغ بجھا نہیں ، شہید امجد صابری کی آواز ہمیشہ گونجتی رہے گی۔