اسلام آباد (آئی این پی)کرنسی اسمگلنگ کیس کی ملزمہ ماڈل ایان علی کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات ملک کی ایک اہم شخصیت کی طرف سے ادا کرنے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ دوران تفتیش قبضے میں لی گئی دستاویزات سے پتا چلا ہے کہ ماڈل کے پیچھے کئی اہم شخصیات ہیں۔ ذرائع کے مطابق کسٹم حکام کو ماڈل ایان علی کیس میں اب تک جتنے بھی شواہد موصول ہوئے ہیں،ان سے پتہ چلتا ہے کہ کرنسی اسمگلنگ کے دھندے میں ماڈل اکیلی نہیں بلکہ ان کے پیچھے کئی اور ہاتھ بھی کارفرما تھے تاہم ماڈل نے دوران تفتیش ان خفیہ ہاتھوں سے متعلق کچھ نہیں بتایا ۔ ذرائع کے مطابق ماڈل ایان علی نے گرفتاری سے ایک سال قبل دبئی کے جتنے بھی دورے کئے ان تمام کا ٹریول ریکارڈ کسٹم حکام نے قبضے میں لے لیا ہے، ماڈل کے ایئر ٹکٹس سمیت تمام اخراجات ملک کی اہم شخصیت کے گھر سے ادا ہوتے رہے ہیں۔