ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دپیکا پڈوکون نے 17 ویں انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈ(آئیفا)2016 میں بہترین اداکارہ جبکہ رنویرسنگھ نے بہترین اداکار کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈ(آئیفا)2016 کی رنگا رنگ تقریب اسپین کے شہر میڈرڈ میں منعقد ہوئی جس میں بالی ووڈ نگری سے تعلق رکھنے والی ممتازشخصیات نے شرکت کی اورکئی اداکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ۔ آئیفا ایوارڈز کی تقریب میں رنویر سنگھ کو فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں بہترین اداکار اور دپیکا پڈوکون کو فلم’’پیکو‘‘میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ بہترین فلم اور ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی بہترین ہدایت کار قرار پائے۔پریانکاچوپڑا نے فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں بہترین معاون اداکارہ کے ساتھ ویمن آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا جب کہ انیل کپور کوفلم ’’دل دھڑکنے دو‘‘ کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈدیا گیا۔واضح رہے کہ رواں سال تمام فلمی ایوارڈز اداکارہ دپیکا پڈوکون ،رنویر سنگھ اور فلم باجی راؤ مستانی کے نام رہے ہیں۔