میڈرڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی اداکار فواد خان بالی ووڈ حسینا دپیکا پڈکون کے لیے گانا گاتے ہوئے گھٹنے کے بل بیٹھ گئے۔پاکستانی اداکار فواد خان بالی ووڈ میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث جگہ بنانے میں کامیاب ہوچکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ فواد بالی ووڈ کے نامور ہدایت کاروں کی پسند بن گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں پاکستانی اداکار فواد خان اور فلمساز کرن جوہرنے بھارتی فلم اندسٹری کے دوسرے بڑے انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی (آئیفا) راکس 2016 ایوارڈزکی تقریب کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیے جس میں بالی ووڈ کی نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران میزبان کرن جوہر کی جانب سے فواد خان کو رومانوی گیت گانے کا چیلنج دیا گیا،جس پر پاکستانی اداکار بالی ووڈ حسینا دپیکا پڈوکون کے لیے گیت ’’روپ تیرامستانا‘‘ گانا گاتے ہوئے گھٹنے کے بل بیٹھ گئے،جس پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔واضح رہے کہ فواد خان اور کرن جوہر ایک ساتھ رواں برس آئیفا ایوارڈز کی میزبانی کررہے ہیں۔