لاہور (ا ین این آئی) عدالت نے ماڈل قندیل بلوچ کے ساتھ سیلفیاں بنانے پر مفتی عبدالقوی کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ گزشتہ روز لاہور کی ایڈیشنل سیشن عدالت کے جج حامد حسین نے قندیل بلوچ کے ساتھ لی جانے والی سیلفیوں کے خلاف مشتاق نعیمی ایڈووکیٹ کی جانب سے درخواست کی سماعت کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مفتی عبدالقوی نے مسلمانوں کے وقار مجروح کیے۔ مفتی عبدالقوی اور قندیل بلوچ کی تصاویر سے سب کچھ صاف ظاہر ہو رہا ہے۔ لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ مفتی عبدالقوی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔واضح رہے کہ مفتی عبدالقوی کی ماڈل قندیل بلوچ کے ساتھ سیلفیاں اورویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ان کی رویت ہلال کمیٹی سمیت علمائے مشائخ کونسل کی رکنیت بھی معطل کردی گئی تھی۔