کراچی (آئی این پی)پاکستان کی پہلی سپر ماڈل مصدقہ طور پر رخشندہ خٹک تھیں۔ 70 کی دہائی میں جب پاکستان میں ایک ڈھکی چھپی فیشن انڈسٹری فروغ پارہی تھی، تب رخشندہ خٹک اپنے بے باک اور منفرد انداز سے سامنے آئیں۔ وہ اس وقت سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی ماڈل تھیں۔رخشندہ برما میں پیدا ہوئیں تھی۔ ان کی والدہ برما سے جبکہ والد پاکستانی تھے۔ انہوں نے 1970 میں حسین جویری سے شادی کی جو پاکستان میں ایک خوشحال تاجر تھے۔ ان کے ماڈلنگ کیریئر کو ان کے شوہر کی مکمل سپورٹ حاصل تھی۔رخشندہ کو 5 زبانوں پر عبور حاصل تھا اور وہ پاکستان کی پہلی کراٹے بلیک بیلٹ خاتون تھیں۔ ان کی ماڈلنگ کی تصاویر مختلف انگلش و اردو جرائد میں چھپا کرتی تھیں۔انہوں نے 1971 میں ایک فلم ’جین بونڈ 008‘ میں بھی کام کیا جس میں سارے اسٹنٹس انہوں نے خود سرانجام دیے اور دیکھنے والوں کو دنگ کردیا۔رخشندہ 1979 میں اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ کینیڈا منتقل ہوگئیں اور 2011 میں وہیں ان کا انتقال ہوا۔