ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کترینہ کیف پر مہربان ہوگئے ہیں اور اپنی آئندہ فلم میں انوشکا شرما کی جگہ کترینہ کو کاسٹ کرالیا۔بالی ووڈ کے صف اول کی اداکارہ کترینہ کیف نے فلمی کیرئیر میں متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور کئی نامور اداکاروں کے ساتھ فلموں میں جلوہ گر ہوئی ہیں جس میں سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی شامل ہیں جب کہ اداکارہ نے کنگ خان کے ساتھ اب تک فلم ’’جب تک ہے جاں‘‘کی ہے جسے شائقین نے بے حد پسند کیا تھا تاہم اب ایک بار پھر کنگ خان اور باربی ڈول کی جوڑی فلم میں کام کرنے کو تیار ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف ہدایتکار امتیاز علی کی نئی آنے والی فلم میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کو مرکزی کردار کی پیش کش کی گئی جو انہوں نے قبول کرلی ہے جب کہ فلم میں کنگ خان کے مدمقابل کردار کے لیے انوشکا شرما کا نام لیا جارہا تھا تاہم شاہ رخ خان نے اداکارہ کترینہ کیف سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے فلم پروڈیوسر کو ان کا نام تجویز کیا جسے فلم ہدایتکار نے منظور کرتے ہوئے باربی ڈول کو فلم میں کاسٹ کرلیا ہے جس کے بعد اب ایک بار پھر دونوں اداکاروں کی جوڑی سلو ر اسکرین پر جلوہ بکھیرے گی۔واضح رہے کہ اداکار شاہ رخ خان اور کترینہ کیف نے یش راج فلمز کے بینرتلے بننے والی فلم ’’جب تک ہے جان‘‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔