ممبئی (این این آئی)بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی آنے والی فلم ’سلطان‘ کا نیا گانا ’جگ گھومیا‘ ریلیز کر دیا گیا، جس میں سلمان خان کے ڈانس کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔اس گانے میں سلمان خان اور انوشکا شرما ایک ساتھ نہایت اچھے نظر آرہے ہیں تاہم ان دونوں اداکاروں کی کیمسٹری کافی کمزور نظر آئی۔اس گانے کو پہلے ہندوستانی گلوکار ارجیت سنگھ گانے والے تھے تاہم سلمان خان کے ساتھ ان کے خراب تعلقات کے باعث یہ گانا پاکستان گلوکار راحت فتح علی خان کے حصے میں آگیا۔سلمان خان اور انوشکا شرما کی فلم ’سلطان‘ ایک پہلوان کی زندگی پر مبنی ہے جو ہندوستان کو اولمپکس میں ریسلنگ میں گولڈ میڈل جتوانے میں کامیاب ہوتا ہے تاہم اس کے بعد اس کی زندگی میں کافی مسائل پیش آتے۔’سلطان‘ کے اس نئے گانے کے حوالے سے سلمان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرنا شروع کردیا جسے دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ فلم کے اس گانے سے زیادہ سلمان خان کے ڈانس کو پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔فلم ’’سلطان‘‘ رواں سال عید پر سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔