لاہور ( نیوزڈیسک) اداکار حمزہ عباسی نے کہا ہے کہ بھارتی ہدایتکار کبیر خان کو پاکستان مخالف فلم بنانے پر خود ہی پاکستانی قوم سے معافی مانگ لینی چاہیے ، ہم مہمان پسند قوم ہیں لہٰذا بھارتی ہدایتکاروں کو چاہیے کہ وہ پاکستان مخالف فلم بنانے سے گریز کریں ۔بھارتی ہدایتکار کبیر خان کی پاکستان آمد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ عباسی نے کہا کہ کبیر خان نے ” فینٹم “ کے نام سے پاکستان کے خلاف فلم بنائی تھی ۔ہم فنکار لوگ صرف اس وجہ سے خاموش ہیں کہ وہ ہمارے مہمان ہیں اور اسلامی روایات کے مطابق مسلمان اپنے مہمانوں کی بڑی عزت کرتے ہیں ۔ میرے نزدیک کبیر خان کو خود ہی پاکستانی قوم سے معافی مانگ لینی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مہمان پسند لوگ ہیں اور ہمارا مذہب ہمیں مہمان پسندی کا سبب دیتا ہے ۔ تمام بھارتی ہدایتکاروں کو چاہیے کہ وہ پاکستان مخالف فلم بنانے سے گریز کریں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات پروان چڑھ سکیں ۔ یاد رہے کہ بھارتی ہدایتکار کبیر خان کراچی میں اداکارہ زیبا بختیار اور جاوید شیخ سمیت دیگر اداروں سے ملاقات کرنے کے بعد اب لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ مختلف فلمی شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے ۔