لاس اینجلس (نیوز ڈیسک) ہالی وڈ کے مشہور اور مایہ ناز گلوکار پرنس57 برس کی عمر میں امریکی شہر مینیسوٹا میںانتقال کر گئے۔امریکی میڈیا کے مطابق پولیس کو پیزلی پارک میں واقع ان کی رہائش گاہ پر بلایا گیا جہاں ان کی لاش لفٹ میں ملی۔پولیس نے اس معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔پرنس کی ترجمان نے ایک بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی بوجھل دل کے ساتھ میں تصدیق کرتی ہوں کہ لیجنڈ فنکار، پرنس روجرز نیلسن اس دنیا میں نہیں رہے۔دنیا بھر سے اہم شخصیات نے پرنس کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔امریکی صدر اوباما نے ان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اعلیٰ اہل ہنر، ساز بجانے والے، بینڈ کے شاندار بانی اور ایک دل فریب فنکار تھے۔ گلوکار مک جیگر کا کہنا تھا کہ پرنس لامحدود ہنر کے مالک تھے۔پرنس کے انتقال پر سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات آ رہے ہیں اور مداح ان کے مکان کے قریب پیزلی پارک میں جمع ہو رہے ہیں۔