ممبئی(نیوزڈیسک) بالی وڈ کی سری لنکن نژاد اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے کہا ہے کہ اداکار سلمان خان تحائف قبول نہیں کرتے ،کوئی زیادہ اصرار کرے تو اپنے قائم کردہ خیراتی ادارے کے لئے بطور چندہ مانگ لیتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جیکولین نے سلمان کی عادات سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ سلمان کسی سے تحائف قبول نہیں کرتے اور کوئی زیادہ اصرار کرے تو اسے بیینگ ہیومن فائونڈیشن کے لئے کچھ دینے کا کہہ دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سلمان بطور انسان بہت شاندار ہیں انہوں نے میرا کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے میں میری بہت مدد کی ورنہ میں اب تک قصہ پارینہ بن چکی ہوتی۔ انھوں نے مجھے خود پر اعتماد کرنا سکھایا اور وہ میرے لئے آگے بڑھنے کی تحریک کی طرح ہیں۔ جیکولین نے کہا کہ وہ ضرورت کے وقت ہر کسی کو دستیاب ہوتے ہیں اور دوسروں کو بھی مدد کرنے کا درس دیتے ہیں۔