ممبئی(نیوزڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان اپنے فلمی سیٹ کی تصاویر لیک کرنے والے فوٹو گرافر سے الجھ پڑے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنی نئی آنے والی فلم کی تصاویر انٹر نیٹ پر لیک کرنے والے فوٹو گرافر کو سخت ڈانٹ پلا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی نئی آنے والی فلم سلطان میں ان کے کردار کی تصاویر کچھ روز پہلے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس پر سلو میاں نے ناراضی کا اظہار کیا تھا تاہم گزشتہ روز انہوں نے فلم کے سیٹ پر اخبار کے فوٹو گرافر سے تصویر لیک کرنے کے معاملے پر الجھ پڑے اور خوب ڈانٹ پلائی جس پر فلم کے ڈائریکٹر نے مداخلت کر کے دبنگ خان سے فوٹو گرافرکی جان چھڑائی۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان فلم سلطان میں ریسلر کا کردار ادا کریں گے جبکہ فلم رواں برس عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔