ممبئی(نیوزڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور نے کہا ہے کہ اپنے چاہنے والوں کو دیکھ کر مجھے اپنی قدر و قیمت کا اندازہ ہوجاتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ آپ فلم انڈسٹری میں کہاں کھڑے ہیں اس کا سب سے بہتر اندازہ تھیٹر میں لوگوں کے تاثرات سے ہوتا ہے، میں جب بھی لوگوں سے ملتی ہوں تو اس چیز پر بہت زیادہ غور کرتی ہوں۔ انہوںنے کہاکہ جب میں سفر پر ہوتی ہوں تو لوگ میرے پاس آتے ہیں اور جب گھر سے باہر نکلتی ہوں تو لوگ انتظار کر رہے ہوتے ہیں، اپنے چاہنے والے لوگوں کو دیکھ کر مجھے اپنی قدر و منزلت کا اندازہ ہو جاتا ہے۔ شردھا کپور کا کہنا تھا کہ میں نہیں جانتی کہ مجھے آج جتنا پیار مل رہا ہے اتنا دوبارہ مل پائے گا یا نہیں لیکن اتنا ضرور جانتی ہوں کہ میں اس سے بھی زیادہ بہتر کام کر سکتی ہوں۔ اداکارہ نے کہا کہ بعض اوقات جب آپ کوئی سین مکمل کرتے ہیں تو آپ کو خود بھی معلوم نہیں ہوتا کہ آپ نے یہ سین ٹھیک کیا ہے یا نہیں لیکن جب ڈائریکٹر آپ سے کہے کہ آپ نے سین بالکل ٹھیک کیا تو اس سے بہت حوصلہ مل جاتا ہے۔