ممبئی(نیوزڈیسک) لیجینڈ اداکار دلیپ کمار کو خراب صحت کے باعث لیلاوتی ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ۔بالی ووڈ کے معروف اداکاردلیپ کمار کی صحت ایک مرتبہ پھر خراب ہوگئی، بھارتی میڈیا کے مطابق علیل حالت میں لیجینڈ اداکار کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے، دلیپ کمارکورات گئے لیلاوتی ہسپتال منتقل کیاگیا۔بخار میں مبتلا دلیپ کمار کو ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں اس وقت داخل کیا گیا جب انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، لیجینڈ اداکار اسپتال کے جنرل وارڈ میں تین روز تک رہیں گے۔93 سالہ ٹریجیڈی کنگ نے اپنے فلمی کئیر یر کا آغاز 1944ءمیں فلم جوار بھاٹا سے کیا،دہائیوں کے محیط اپنی زبردست فلمی کئیر یر میں دلیپ کمار نے ساٹھ سے زائد فلموں میں کام کیا۔دلیپ کمار کی مشہور فلموں میں دیدار، دیوداس، آزاد، مغل اعظم، کوہ نور، گنگا جمنا، رام اور شیام، نیا دور، آن، داستان، دل دیا درد لیا، بیراگ، گوپی شامل ہیں ۔