ممبئی(نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان نے فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ دیکھ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے والی اپنی کمسن فین سوزی کو فلم’’سلطان‘‘ میں کاسٹ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اپنی اداکاری کے باعث ممتاز مقام رکھتے ہیں لیکن ان کی شہرت کی ایک وجہ فیاضی بھی ہے یہی وجہ ہے کہ سلو میاں کی دوستی کے لیے فلم نگری کا ہر اداکار دم بھرتا ہے تاہم اب دبنگ خان نے اپنی سب سے چھوٹی فین کو فلم کاسٹ کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ دیکھ کر رونے والی سب سے چھوٹی فین سوزی کو فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے پروڈیوسر سے بات کی تھی جس کے بعد اس بچی کو فلم ’’سلطان‘‘ کے لیے کاسٹ کرلیا گیا ہے۔ سلمان خان کی سوزی نامی یہ کمسن مداح فم میں انوشکا شرما کے بچپن کا کردار کرتی نظر آئے گی جب کہ گزشتہ دنوں سوزی کی اداکار سلمان خان اور اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ تصویریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تھی۔واضح رہے کہ فلم ’’سلطان‘‘ رواں سال عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔