ممبئی(نیوزڈیسک) فوادخان اورانوشکاشرما کی نئی اننگز،بالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے پاکستانی اداکار فواد خان اور اداکارہ انوشکا شرما نامور فلمساز کرن جوہر کی فلم ”اے دل ہے مشکل“ میں کراچی کے رہائشی رومانوی جوڑے کا کردار نبھائیں گے۔پاکستانی اداکار فواد خان اپنی جاندار اداکاری کے باعث بھارتی فلم نگری میں قدم جماچکے ہیں جب کہ ان کی دونوں فلمیں باکس ا?فس پر شاندار کامیابی سمیٹ چکی ہیں جس کے بعد اب وہ نامور فلمساز کرن جوہر کی فلم ”اے دل ہے مشکل“ میں اداکار رنبیر کپور، ایشوریا رائے اور انوشکا شرما کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کررہے ہیں تاہم وہ فلم میں پاکستانی کے ہی روپ میں نظر آئیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نامور فلمساز کرن جوہر کی فلم”اے دل ہے مشکل“ میں اداکار فواد خان اور انوشکا شرما پاکستانی رومانوی جوڑی کا کردار نبھاتے نظرآئیں گے جس میں دونوں کا تعلق کراچی سے ہوتا ہے جن کی ملاقات ملک سے باہر ہوتی ہے اور ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں جب کہ فلم میں فواد خان ڈی جے کا کردار ادا کریں گے اور وہ فلم شوٹنگ کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔واضح رہے کہ کرن جوہر کی فلم”اے دل ہے مشکل“ رواں سال اکتوبر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔