ممبئی(نیوزڈیسک) بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اجے دیوگن اور سابق حسینہ عالم اداکارہ ایشوریارائے بچن 12 سال بعد فلم ”بادشاہو“ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن اور ایشوریارائے بچن کا شمار فلم نگری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جب کہ دونوں اداکاروں کی جوڑی نے 2004 میں ریلیز ہونے والی فلموں ”رین کوٹ“ اور ”خاکی“ میں مرکزی کردار ادا کیے تھے جسے شائقین نے بے حد پسند کیا تھا تاہم اب یہ جوڑی ایک بار پھر سلور اسکرین پر جلوے بکھیرے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فلمساز ملن لوتھریا نے اپنی نئی آنے والی فلم”بادشاہو“ کے لیے کرینہ کپور خان ، پریانکا چوپڑا اور ایشوریارائے بچن کو پیشکش کی لیکن قرعہ فال سابق حسینہ عالم ایشوریا رائے بچن کے نام نکلا جس کے بعد اب وہ فلم میں اجے دیوگن کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کریں گی جب کہ فلم کی کاسٹ کا حتمی اعلان چند روز میں کیا جائے گا۔