ممبئی(نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ہریتھک روشن کو عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کی توہین پر مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں قانونی نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن کی اداکارہ کنگنا رناوت سے قانونی جنگ جاری تھی کہ وہ ایک اور نئی مصیبت میں پھنس گئے ہیں جس کے بعد اب انہیں مذہبی جذبات مجروح کرنے پر قانونی نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ہریتھک روشن پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کی توہین کا الزام عائد کیا گیا ہے جس پر مسیحی کمیونٹی کی جانب سے انہیں قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق اداکار کی جانب سے مذہبی پیشوا کی توہین سے دنیا بھر میں ان کے ماننے والوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں لہٰذا 7 روز میں عوامی سطح پر معافی مانگی جائے بصورت دیگر مقدمہ درج کروایا جائے گا۔واضح رہے کہ اداکار ہریتھک روشن نے اداکارہ کنگنا رناوت پر ہتک عزت کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔