کراچی(نیوز ڈیسک) معروف اداکار ندیم نے کہا ہے کہ چند سال کے دوران پاکستانی فلموں نے حیران کن ترقی کی ہے طویل عرصہ سے پاکستان کی فلم انڈسٹری بحران سے گزر رہی تھی لیکن ہمارے ملک کے نوجوانوں نے صرف چند سالوں کے مختصردورانیہ میں اچھی اور معیاری فلمیں بنا کر انڈسٹری کی رونقوں کو واپس لے آئے۔وہ جو بھارتی فلموں کو ہر وقت موضوع بنا کر باتیں کرتے تھے انھیں بھی اندازہ ہوگیا کہ پاکستان میں اب اچھی اور معیاری فلمیں بننا شروع ہوچکی ہیں اب ہمیں صر ف پاکستانی فلموں کی ترقی کی طرف توجہ دینا چاہیے۔یہ بات انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہی،انھوں نے کہا اب اچھی اور معیاری فلموں کے لیے بہترین موضوعات کی ضرورت ہے،تاکہ فلموں میں مزید بہتری آئے۔پاکستانی فلم بین اپنے ملک میں بننے والی فلموں کی بھر پور حوصلہ افزائی کررہے ہیں رفتہ رفتہ بھارتی فلموں کا کریز اب ختم ہوتا جارہا ہے ہمیں بھارتی فلموں سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہمارے ملک میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے جو بہت اچھا کام کرنا جانتا ہے اور ہمیں مستقبل میں نوجوانوں سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں جو آنے والے دنوں اور بھی اچھا کام کریں گے۔