کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستانی فلموں کے مقبول ترین اداکار اور ماڈل شان بھارتی فنکاروں کے ساتھ تشہیری مہم کا حصہ بن گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اداکار شان نے گزشتہ دنوں بنکاک جا کر بھارتی چائلڈ سٹار ہرشالی ملہوترا المعروف (منی) کے ساتھ ایک موبائل سروس فراہم کرنیوالی انٹرنیشنل کمپنی کی اشتہاری فلم کیلئے کام کیا جس میں دونوں فنکار باپ اور بیٹی کے روپ میں نظر آئیں گے۔ ہرشالی اپنی متاثر کن پرفارمنس کی بنا پر پاکستانی شائقین کے دلوں میں ہی نہیں بلکہ اشتہاری اداروں میں بھی جگہ بنا چکی ہیں۔ اس سے قبل وہ ایک اور بچوں کے آئٹم کے لئے پاکستانی پراڈکٹ کے اشتہار میں بھی کام کر چکی ہیں۔ اشتہاری فلم میں شان نے لیڈ رول کیا جبکہ ان کے ہمراہ دیگر بھارتی تھیٹر کے فنکاروں نے بھی کام کیا ہے۔ مذکورہ ٹی وی کمرشل بھارت، بنگلا دیش اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے لئے بنایا گیا ہے جس کی ہدایات بھارتی فلموں کے معروف ہدایتکار اور پروڈیوسر انوراگ کشیپ نے دی ہیں۔ اس کمرشل کے ذریعے شان بھارتی ٹی وی چینلز پر بہت جلد نظر آئیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شان کے علاوہ دیگر پاکستانی ٹی وی فنکاروں سے بھی مختلف اداروں نے رابطے کئے ہیں۔ کئی ایک فنکاروں نے تو رضامندی بھی ظاہر کر دی ہے۔