ممبئی(نیو زڈیسک)بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان نے کہا کہ بھارت میں سنیما گھر کی تعداد آبادی کے لحاظ سے کم ہے۔ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان فلم نگری کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکار ہیں جن کی فلم بھارت میں کم سے کم بھی 150 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرتی ہے جب کہ ان کی کامیاب فلمیں 250 کروڑ سے زائد کا بزنس کرتی ہیں تاہم اب سلو میاں نے اتنی کمائی کے باوجود بھارت میں سنیما گھروں کی کمی کا شکوہ کیا ہے۔ اپنے انٹرویو میں سلمان خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں سنیما گھروں کی تعداد بہت کم ہے جس میں اضافے کی ضرورت ہے جب کہ ملک میں اب بھی 10 ہزار سنیما گھروں کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے لہٰذا سنیما گھروں کا قیام شہروں کے مضافاتی علاقوں میں کیا جاسکتا ہے جس سے فلم نگری بھی فوائد سمیٹ سکتی ہے۔ واضح رہے کہ اداکار سلمان خان اپنی نئی آنے والی فلم’’سلطان‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جب کہ گزشتہ سال ان کی ریلیز ہونے والی فلموں نے 1000 کروڑ سے زائد کی کمائی کی تھی۔