لاہور (نیوز ڈیسک)اداکارہ میرا نے اپنی نئی فلم ’’ہوٹل ‘‘ کی کامیابی کے لیے بھرپور تشہیری مہم شروع کر دی۔ ایک طرف فلم کی کامیابی کے لیے منت مان لی۔ اداکارہ میرا نے اپنی نئی فلم ’’ہوٹل ‘‘کی سب سے زیادہ فلم کی ٹکٹیں خریدنے والی فیملی کے ساتھ فلم دیکھنے اور ڈنر پر ساتھ جانے کی پیشکش بھی کر ڈالی۔ منفرد موضوع پر بننے والی فلم کو پڑوسی ملک بھارت میں ایوارڈ سے نوازا گیا جس کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے معروف ادارے آئی ایم جی سی نے فلم کو بھرپور انداز سے یکم اپریل سے ملک بھر میں عام نمائش کے لیے پیش کرنے کی ذمے داری اٹھا لی ہے۔ اداکارہ میرا نے فلم کی تشہیری مہم اور اس کی ریلیز سے اپنے کیرئیر پر پڑنے والے اثرات بارے میڈیا کو بتایا کہ منفرد موضوع پر بننے والی فلم’’ہوٹل‘‘مکمل کمرشل فلم ہے۔ یہ فلم پاکستان میں نیا ٹرینڈ سیٹ کریگی۔ انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے فنی سفر کے دوران بہت سی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ میرا نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان میں بہترین فلمیں سینما گھروں کی زینت بنی ہیں۔ ایسے میں ’ہوٹل‘ بھی ایک بہترین اضافہ ثابت ہو گی۔ اس فلم سے مجھے بہت توقعات وابستہ ہیں کیونکہ ہمارے فلم بین اچھی اور معیاری فلمیں دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں ۔