اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایسا کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے کہ ایپل کی کسی نئی ڈیوائس کی تصاویر اس کی باضابطہ رونمائی سے قبل منظر عام پر آ جائیں، مگر حالیہ دنوں ایک غیر معمولی واقعے میں متوقع آئی فون 17 پرو کی اصلی تصاویر انٹرنیٹ پر لیک ہو گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تصاویر ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے ایک صارف نے شیئر کیں، جن میں سان فرانسسکو کے یونین اسکوائر علاقے میں موجود ایک فرد کو دو آئی فونز اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان میں سے ایک فون ایسا تھا جس پر کوئی کور نہیں تھا، غالب امکان ہے کہ وہ آئی فون 16 پرو ہو، کیونکہ اس پر موجود ڈیٹا میٹرکس کوڈ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ فون ممکنہ طور پر ایپل کے کسی ملازم کے زیرِ استعمال ہے۔دوسرا فون زیادہ دلچسپی کا باعث بنا، جسے ماہرین نے متوقع آئی فون 17 پرو قرار دیا ہے۔
اگرچہ اس پر ایک موٹا حفاظتی کور چڑھا ہوا تھا تاکہ ڈیزائن چھپایا جا سکے، لیکن کیمرے کے قریب ایل ای ڈی اور لیڈار اسکینر کی ترتیب سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ نیا ماڈل ہے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی کئی لیکس میں اشارہ دیا جا چکا ہے کہ آئی فون 17 سیریز میں کیمرے کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کی جا سکتی ہے، اور حالیہ تصاویر انہی اطلاعات کی تصدیق کرتی دکھائی دیتی ہیں۔