واشنگٹن(این این آئی)2020 میں سرخ سیارے مریخ پر جانے والے ناسا کے مشن پرسیورینس روور نے مریخ پر موجود ہوا کی کچھ مقدار کو سانس لینے کے قابل بناتے ہوئے آکسیجن میں تبدیل کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ناسا کی جانب سے مریخ پر ایک مشن 2020 میں بھیجا گیا تھا جس کا نام پرسیورینس روور ہے، اس کو مریخ سیارے پر بھیجنے کا مقصد مریخ پر موجود قدیم زندگی کا سراغ لگانا اور مریخ کے پتھروں کے کچھ نمونے حاصل کرنا تھا۔مریخ پر بھیجا گیا قدرے چھوٹا سا ناسا کا یہ روبوٹ
مریخ کے کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس سے بھرپور ماحول کو آکسیجن گیس میں تبدیل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ناسا کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ٹوسٹر کے سائز پر مشتمل اس تجرباتی آلے(روبوٹ)نے مارس آکسیجن اِن سیتو ریسورس یوٹیلائزیشن ایکسپیرمنٹ ( ایم او ایکس آئی ای) کے تحت کاربن ڈائی آکسائیڈ کو آکسیجن میں بدلنے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ایم او ایکس آئی ای کے پرنسپل انویسٹیگیٹر مائیکل ہیچٹ کے مطابق راکٹس یا خلا بازوں کے لیے آکسیجن ایک اہم ترین جز ہے۔