لاہور( این این آئی )پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے آئی ٹی کمپنیوں، کال سینٹرز اور اسٹارٹ اپس کی رجسٹریشن فیس ختم کردی،جن علاقوں کو استثنیٰ دیا گیا ان میں لاہور ،کراچی، اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی، سیالکوٹ اور فیصل آباد شامل نہیں۔پاکستان سافٹ ویئر
ایکسپورٹ بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری اپنے سفر کے اہم ترین مقام پر پہنچ چکی ہے، موجودہ حکومت ٹیکس سے مستثنیٰ آئی ٹی ایکسپورٹ میں طویل مدتی ترقی اور سہولت کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی اور نظام کی بہتری کیلئے اقدامات تمام شہروں میں اٹھائے جارہے ہیں، اس سے پاکستان کے آئی ٹی انڈسٹری کے ایکو سسٹم کی توسیع کی توقع کی جارہی ہے اور اس وجہ سے پورے پاکستان میں ایک متحرک ٹیکنالوجی کلچر پیدا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے حکومت سافٹ ویئر پارکس کو ترجیح دے رہی ہے۔ایسا ہی ایک سافٹ ویئر پارک کا حال ہی میں گلگت میں افتتاح کیا گیا ہے جو مکمل طور پر آئی ٹی کمپنیوں سے بھر چکا ہے۔