لندن(این این آئی)واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کی بعد سے ہی صارفین واٹس ایپ کی حریف کمپنیوں کا رخ کررہے ہیں، صارفین میسیجنگ ایپ سگنل کا رخ کررہے ہیں جبکہ برطانوی عوام ٹیلی گرام ایپ میں دلچسپی لے رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سگنل ایپ کی ڈان لوڈ
میں اضافے کے بعد سگنل ایپ اسٹور پر پہلے نمبر پر آچکی ہے اور واٹس ایپ کا دور دور تک پتہ نہیں کیونکہ دوسرے نمبر پر ٹیلی گرام ہے اور پارلر جیسی ایپ بھی اس فہرست میں شامل ہے۔امریکا، برطانیہ، جرمنی ، فرانس، لبنان اور دیگر ممالک سے ڈانلوڈ ہونے والی پہلی ایپ سگنل ہی ہے جبکہ بھارت، برازیل اور سنگاپور میں یہ تیسری سب سے زیادہ ڈان لوڈ ہونے والی ایپ بھی ہے۔ سگنل میں بھی ایک سے دوسرے کنارے (اینڈ ٹو اینڈ)سخت اینکرپٹڈ معیار رکھا گیا ہے۔ سگنل کا اینکرپشن سافٹ ویئر اوپن سورس ہے اور اس میں دیگر کے مقابلے میں بگ اور نقائص بہت کم ہے۔ دوسری جانب یہ پیش رو ایپس کی طرح میٹاڈیٹا بھی استعمال نہیں کرتا۔واٹس ایپ کی نئی پالیسی کے مطابق صارف اپنا نام، موبائل نمبر، تصویر، اسٹیٹس، فون ماڈل، آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ ساتھ ڈیوائس کی انفارمیشن، آئی پی ایڈریس، موبائل نیٹ ورک اور لوکیشن بھی واٹس ایپ اور اس سے منسلک دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو مہیا کرے گا۔