نیویارک(این این آئی)گوگل نے اپنے نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی جس کے تحت ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کی ویڈیوز ایپس کی بجائے اب گوگل پیجز پر ہی کھلیں گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کی ویڈیوز دیکھنے کے لیے ہمیں گوگل سرچ انجن سے مذکورہ ایپس تک
جانا ہوتا ہے لیکن اب یہ سلسلہ جلد ختم ہوجائے گا جس کے ذریعے صارفین سرچ انجن کے پیجز پر ہی براہ راست ویڈیو دیکھ سکیں گے، گوگل نے اپنے سرچ پیجز پر زیادہ وقت تک رکھنے کے لیے یہ طریقہ اپنایا ہے۔فی الحال اس نئے فیچر کو محدود انداز میں آزمایا جارہا ہے، گوگل پر ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کی ویڈیوز پر کلک کرنے پر ایپ کی بجائے اس کا ویب ورژن اوپن ہوگا، کیونکہ گوگل کے خیال میں ایپ میں جانے سے ہوسکتا ہے کہ لوگ اسی میں گم ہوجائیں، نئی حکمت عملی سے صارفین کو پیجز پر ہی روکا جاسکتا ہے۔یہ نیا فیچر فی الوقت محدود صارفین کو دستیاب ہے جو اینڈرائیڈ اور آئی فون میں گوگل ایپ کے ٹاپ پر موجود ہے، ممکنہ طور پر اس فیچر میں دیگر سوشل میڈیا ایپس کو بھی شامل کیا جائے گا۔