اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو پارلیمان میں مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی ٹکراؤ کی پالیسی پر نظر ثانی کرے، عمران خان اور حکومت کہیں نہیں جارہی ہے اور نہ ہی آپ بھیج سکتے ہیں،
ہم سمجھتے ہیں مذاکرات اور رابطوں کے دروازے کھلے رہنے چاہئیں، آئیے بات کرتے ہیں اور آگے چلتے ہیں،نواز شریف کا بیانیہ اب پنجاب میں نہیں بک سکتا،،مریم نواز کی تقریر صرف والد، چچا اور بھائی پر تھی،وزیراعلیٰ کو اچکزئی کی پنجاب میں پابندی عائد کردینی چاہیے۔ پیر کو معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ لاہور کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کہ پی ڈی ایم کے جلسے کو مسترد کیا،انہوں نے جلسے کو ناکام کر کے بتایا ہے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں؟۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ڈی ایم کا جلسہ ہماری سوچ کی بنیاد کے خلاف ہے،پی ڈی ایم کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ فوج کے خلاف جو عوام کو بھڑکایا جا رہا ہے عوام ہرگز اس کا ساتھ نہیں دینگے اور لاہور جلسہ یہ وجہ تھی کہ ناکام ہوا۔ انہوں نے کہاکہ محمود اچکزئی ایک مشن پر ہیں،یہ پاکستان کے مخالف ہیں یہ وفاق کے مخالف ہیں یہ اعلیٰ کار ہیں،وہ پنجاب میں پنجاب کے خلاف بات کرتے ہیں وہ وفاق کے خلاف بات کرتے ہیں ان کا کام ہی یہ ہے۔