واشنگٹن(این این آئی)معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے موبائل فونز کی کارکردگی سست کیے جانے کے الزامات کے عوض 113 ملین امریکی ڈالر (85 ملین پاؤنڈ)ہرجانہ ادا کرے گی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 33 امریکی ریاستوں نے
دعوی کیا تھا کہ ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پرانے موبائل فونز کی کارکردگی اس لیے سست کردیتی ہے تاکہ اس کے صارفین نئے فونز خریدیں۔2016 میں آئی فون 6، 7 اور ایس ای ماڈلز میں بیٹری کے مسائل اور سست کارکردگی کا اسکینڈل سامنے آیا تھا جس سے لاکھوں صارفین متاثر ہوئے تھے۔ایپل کی جانب سے 2016 میں آئی فون 6، آئی فون 7 اور ایس ای کے لیے سافٹ وئیر فیچر متعارف کرایا گیا تھا جو کہ پرانے آئی فونز کی کارکردگی سست کردیتا تھا۔برطانوی میڈیا کا کہنا تھاکہ ایپل نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا تاہم اس سے پہلے کمپنی بیٹری لائف کو برقرار رکھنے کے لیے فونز کو سست کرنے کا اعتراف کرچکی تھی۔ایپل پر رواں برس مارچ میں بھی فونز کی کارکردگی کے حوالے سے 500ملین امریکی ڈالرکا ہرجانہ عائد کیا جاچکا ہے۔ٹیکنالوجی کمپنی ایپل 2017میں ماہرین کی جانب سے غیر معمولی سست کارکردگی جیسی شکایات کے بعد سوفٹ ویئر اپ ڈیٹس کے ذریعے پرانے آئی فونز کی رفتار کم کرنے کااعتراف کرچکی ہے۔