اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے ہونہار سپوت محمد شہیر نیازی نے فزکس کے میدان میں ایسا کارنامہ سر انجام دےدیا جو نیوٹن اور آئن سٹائن جیسے سائنسدان بھی نہ کر سکے۔ تفصیلات کے مطابق ارض وطن ہونہار سپوتوں سے بھری پڑی ہے۔ محمد شہیر نیازی بھی ایسے ہی ذہین نوجوانوں کی صف میں شامل ہیںجنہوں نے فزکس کے مضمون میں تحقیقاتی مضمون لکھا اور
تیل پر بجلی گرنے کے بعددرجہ حرارت ریکارڈ کر کے سب کو حیران کر دیا۔ اس سے پہلے کسی تحقیقاتی مقالے میں درجہ حرارت ریکارڈ نہیں کیا گیا تھا۔ وہ مستقبل میں بھی ایسے ہی کارنامے سر انجام دینے کے خواہاں ہیں۔محمد شہیر نیازی کا کہنا ہے کہ طبیعات(فزکس) کے میدان میں میں اپنی ریسرچ جاری رکھوں گا اور اس ریسرچ کو دنیا کے سامنے تحقیقاتی مقالوں کی صورت میں سامنے لانے کا ارادہ رکھتا ہوں، انہوں نے مادر وطن کیلئے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ فزکس کا ایک اور نوبل پرائز پاکستان لانے کا ارادہ اور عزم ہے، محمد شہیر نیازی کے والدین جہاں بیٹے کی کامیابی پر نازاں اور خوش ہیں وہیں ان کی خواہش ہے کہ وہ ترقی اور کامیابی کے مزید زینے عبور کریں۔ شہیر نیازی کی والدہ نے بتایا کہ میں نے شہیر سے اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ 17سال کی عمر کا ہندسہ عبور کرنے اور اے لیول کرنے سے پہلےتم اپنی ریسرچ پر ایک تحقیقاتی مقالہ لکھو، جس پر انہوں نے کہا کہ میں آپ خواہش ضرور پوری کروں گا۔ شہیر کے والد کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے اور اپنے والد کے خواب شہیر کو منتقل کئے اور انہیں ہر طرح کی سہولیات دیں اور انہیں کبھی روک ٹوک نہیں کی۔ شہیر نیازی روس میں ہونے والے فزکس کے عالمی مقابلےانٹرنیشنل ینگ فزیسسٹ میں بھی حصہ لے چکے ہیں،
شہیر کو فزکس کے ساتھ ساتھ پیانو پر دھنیں بکھیرنے کا بھی شوق ہے ۔ فارغ اوقات میں شہیر نہایت عمدگی اور مہارت سے پیانو پر نہایت محسور کن دھنیں بکھیرتے نظر آتے ہیں۔ واضح رہے کہ شہیر نیازی کی یہ کامیابی انہیں سائنس کی دنیا کے کسی بھی عظیم سائنسدان جیسے نیوٹن اور آئن سٹائن سے اس طرح ممتاز کرتی ہے کہ انہوں نے نہایت چھوٹی عمر میں یہ کارنامہ سر انجام دیا ہے
اور دنیا کے بڑے بڑے سائنسدان اس عمر میں کوئی بڑا کارنامہ سرانجام نہیں دے سکے۔