ڈیلاس (نیوز ڈیسک) امریکا میں سائنسدانوں نے موت کی 95 فیصد تک درست پیشگوئی کرنے والا س±پر کمپیوٹر ایجاد کر لیا ہے۔ امریکی ریاست بوسٹن کے ماہرین کے تیار کردہ اس سپر کمپیوٹر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انسانی ڈاکٹروں کے مقابلے میں یہ مشین زیادہ بہتر انداز سے بتا سکے گی کہ مریض کس بیماری میں مبتلا ہے اور وہ کب تک مر سکتا ہے۔یہ کمپیوٹر ہر تین منٹ بعد مریض کا ڈیٹا لیتا رہتا ہے جس میں آکسیجن لیول، خون کے نمونوں پر پراسیسنگ، بلڈ پریشر اور دیگر معلومات جمع کرنا شامل ہیں جن کی بنیاد پر کمپیوٹر اپنے نتائج فراہم کر تا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق بوسٹن کے بیتھ اسرائیل ڈیکونیس میڈیکل سینٹر میں موجود اس کمپیوٹر میں ڈھائی لاکھ کے قریب افراد کی معلومات شامل کی گئی ہیں جن کا گزشتہ 30 سال کے دوران طبی جائزہ لیا جا چکا ہے جس سے یہ کمپیوٹر برق رفتاری کے ساتھ مریضوں کی تشخیص کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق تیز رفتار تشخیص اور مرض پہچاننے کی صلاحیت کی وجہ سے ممکنہ طور پر مریض کو بروقت بچایا جا سکے گا اور یہ بھی معلوم کیا جا سکے گا کہ آیا مریض قابل علاج ہے اور یہ بھی کہ اس کے مرنے کا وقت کیا ہو سکتا ہے۔