ہالینڈ(نیوز ڈیسک)روزانہ ہزاروں لوگ راہ چلتے ہوئے ٹیکسٹ کرتے یا میسج پڑھتے ہوئے گاڑی سے ٹکرا جاتے ہیں یا پھر کسی حادثے کا شکار بنتے ہیں لیکن اب ایک سادہ ایجاد انہیں اس صورتحال سے نجات دلاسکتی ہے۔ اربن پیری اسکوپ نامی ایک سادہ نظام اسمارٹ فون پر نصب ہوکر 90 درجے کے زاویے پر دکھاتا ہے اور اس کے ذریعے آپ گردن اٹھائے بغیر سامنے کے مناظر دیکھ سکتے ہیں۔ پیری اسکوپ کے ذریعے آپ ناک کی سیدھ میں دیکھتے ہوئے سڑک پر چلتے وقت اپنا فون استعمال کرسکتے ہیں اور خود کو کسی ٹکر سے بچاسکتے ہیں۔ اربن پیری اسکوپ پلاسٹک کیس سے بنایا گیا ہے اس کے لیے کراؤڈ فنڈنگ پر 5 ہزار ڈالر چندے کی اپیل کی گئی تھی جب کہ اب تک اسے کہیں زیادہ 18 ہزار ڈالر رقم جمع ہوچکی ہے۔ پیری اسکوپ اسمارٹ فون کی پشت سے جڑ کر ایک شیشے کی طرح کام کرتا ہے جو سامنے کا منظر دکھاتا ہے لیکن عجیب بات یہ ہے کہ یہ صرف آئی فون 6 کے لیے ہی تیار کیا جارہا ہے جس کی تاریخ اور قیمت کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا جارہا.